سری نگر ، 26؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وادی کشمیر میں علیحدگی پسند وں کی طرف سے بلائے گئے بند کی وجہ سے آج مسلسل 110ویں دن عام زندگی بری طرح متاثررہی ، وہیں موسم گرما کے دارالحکومت کے کچھ علاقوں میں نجی گاڑیوں کی نقل و حرکت دیکھنے کو ملی۔افسر نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے سے اب تک کئی لوگوں نے علیحدگی پسند گروپوں کی طرف سے طلب کردہ بند کی خلاف ورزی کرنی شروع کر دی ہے۔عام طور پر اتوار کو پٹری پر لگنے والی دکانیں آج بھی لگیں اور لوگوں نے یہاں موسم سرما کے لیے او نی کپڑے اور جیکٹوں کی خریداری بھی کی۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں آہستہ آہستہ ٹریفک بڑھ رہا ہے، ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے کچھ چوکوں پر اضافی ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔شہر کے بیرونی علاقوں اور سول لائن میں کئی دکانوں کھلیں، وہیں کاروباری مرکزلال چوک کے آس پاس کئی لوگوں نے اپنے اسٹال بھی لگائے۔حالانکہ وادی میں علیحدگی پسند گروپوں کی طرف سے طلب کردہ بند کی وجہ سے معمولات زندگی اب بھی متاثرہے ۔افسر نے بتایا کہ کشمیر میں کہیں بھی لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں ہے، لیکن وادی میں قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے چار یا ان سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی برقرار ہے۔